
اسلام آباد (نوشی رحیم /لیڈی رپورٹر)وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)کی غفلت ولاپرواہی کے باعث فیڈرل کیپٹل ہسپتال (سی ڈی اے )میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل،نرسسزسمیت دیگر اسٹاف و عملے کی متعدد نشستیں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں ،ہسپتال ہذا کوعملے کی شدید کمی کاسامنا ہے۔ہسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹرز ،؛پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت دیگر عملے کی فوری بھرتی کیلئے سی ڈی اے انتظامیہ کو مراسلہ تحریر کردیاہے۔ڈائریکٹر ایڈمن (پی اینڈ ڈی )ہسپتال کی جانب سے جاری مراسلہ میں اس معاملہ پر پہلے سی ڈی اے انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کرنے کا بھی حوالہ دیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)کے واحد ہسپتال کیپٹل ہسپتال جو 300بیڈز پر مشتمل ہے جبکہ مذکورہ ہسپتال میںر وزانہ کی بنیادوں پر 15سو سے زائد مریض آتے ہیں مگر ہسپتال میں گزشتہ کئی سالوں سے ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکل ،نرنسسزسمیت دیگر اسٹاف کی شدید کمی ہے ۔اس حوالے سے ہسپتال کے ڈائریکٹر ایڈمن نے سی ڈی اے انتظامیہ کو مذکورہ خالی اسامیوں پر بھری کی درخواست کی ہے ۔ڈائریکٹر کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہاگیاہے کہ کیپٹل ہسپتال ایک طویل عرصہ سے ہومن ریسورسسز کی قلت کا شکار ہے تاہم ہسپتال اب بدترین انسانی وسائل کے بحران کا شکارہوچکا ہے،ہسپتال میں اس وقت 187آسامیاں خالی ہیں جن میں 54میڈیکل افسران جبکہ متعدددیگر تکینکی اسٹاف سمیت نرسسز شامل ہیں،اور مستقبل قریب(2020) میں مذید 31ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ریٹائرمنٹ کے بعد مذید آسامیاں خالی ہوجائیںگی ،جس کے باعث ہسپتال کومذید ہومن ریسورسسز کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔مراسلہ میں کہاگیاہے کہ اسپتال انتظامیہ نے 1.10.2018کو بذریعہ مراسلہ سی ڈی اے کے شعبہ ہومن ریسورسسز کو مذکورہ آسامیوں پر بھرتی کیلئے اشتہار دینے کی درخواست کی گئی ،بعد ازاں 21فروری 2019کو( ڈسپیچ نمبر724)دوبارہ یاددھانی مراسلہ تحریر کیاگیا ،جس میں محکمہ ہیومن ریسورسز سے ایک بار پھر تقرری کے عمل کو تیز کرنے کی درخواست کی گئی تھی ،تاہم تاحال ایچ آر ڈی سی ڈی اے کی جانب سے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

مراسلہ میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہسپتال میں روز بروز انسانی وسائل کی قلت بدترین صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے،اگر اب بھی کوئی عملی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو چند ما ہ بعد ہسپتال کی جانب سے جاری خدمات بند ہوجائیں گی اور اس طرح کے حالات اعلی افسران اور مریضوں کیلئے قابل قبول نہیں ہونگے۔مراسلہ میں یہ بھی کہاگیاہے کہ 2020میں مزید31ڈاکٹرز اورپیرا میڈیکل اسٹاف ریٹائرہورہا ہے ،تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابوپانے کیلئے ہسپتال انتظامیہ جنگی بنیادوں پرمذکورہ معاملہ پر عملی اقدامات کرے۔
بشکریہ:جہان پاکستان


