متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) کو پیپلز پارٹی کی پیشکش پر وزیراعظم عمران خان بھی حرکت میں آگئے۔وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی رابطہ کمیٹی جہانگیر ترین کی سربراہی میں ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کرے گی۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین وفد کی صورت میں رواں ہفتے ہی ایم کیو ایم کی قیادت سے ملیں گے اور ان کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد کی ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات میں اتحاد کے وقت کیے گئے مطالبات اور وعدوں پر بھی بات چیت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے مطالبات میں گمشدہ کارکنوں ،فنڈز کے اجراء سمیت دیگر نکات شامل ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کی قیادت کو سندھ حکومت شمولیت کی پیشکش کی تھی، جس کے بعد سیاسی ایوانوں میں ہلچل مچ چکی ہے۔
