نجی تعلیمی اداروں نے حسب روایت چھٹیوں کے حکومتی نوٹیفکیشن کی دھجیاں اڑادیں شدید کہر اور سردی میں معصوم پھول سکول جانے پر مجبور ، شدید سردی سے کئی بچے بیمار ڈاکٹر کی فیس کے علاوہ چھٹی کرنے پر سکول کو بھی بھاری جرمانہ دینا پڑتا ہے

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) جڑواں شہروں کےنجی تعلیمی اداروں کے مالکان نے حکومت پنجاب کے چھٹیوں کے نوٹیفیکیشن کی دھجیاں بکھیر دیں۔ شدید سردی اور دھند کے باوجود سکولز , کالجز اور اکیڈمیز میں زبردستی ریگولر کلاسز جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کینٹ کے علاقے میں اسلم فاؤنڈیشن, کونسیپٹس کالج,گلوبل کالج , چناب کالج, انڈس کالج, کینٹ ماڈل سکول, کینٹ اکیڈمی, سرسید ماڈل کالج, فین کام کالج اور اکیڈمی وغیرہ دھڑلے سے باقاعدہ کلاسیں چلا رہے ہیں۔ سی پیک نیوز کو والدین سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چھٹی کرنے والے طلباء اور ان کے والدین کو سکول و کالج انتظامیہ کی جانب سے مسلسل حراساں کیا جارہا ہے اور ان کا داخلہ بورڈ امتحانات میں نہ بھیجنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ طلباء پر 500 سے لیکر 1000 روپے تک یومیہ جرمانہ بھی عائد کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پرائیویٹ کالج سرسید ماڈل کالج فار گرلز کے پرنسپل ملک مظہر حسین نے سی پیک نیوز کو بتایا کہ ہم اپنی مرضی سے اپنے شیڈول مرتب کرتے ہیں اور ہم حکومت پنجاب کے پابند نہیں کہ اس کی مرضی سے ڈھیر ساری چھٹیاں دے دیں۔ طلباء پریشان اور والدین سراپا احتجاج ہیں۔ شدید سردی میں نجی تعلیمی اداروں کی اس ہٹ دھر می کے باعث کئی چھوٹے بچے شدید کہر اور سردی میں سکول آنے پر مجبور ہیں ۔سردی کے باعث بچوں میں نممونیہ اور دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ اسلام آباد میں او پی ایف جیسے تعلیمی ادارے بھی کھل گئے ہیں۔

یاد رہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی یہ خودسری کوئی نئی بات نہیں ہے انہوں نے ہمیشہ سے اپنے ایک الگ سسٹم بنا رکھا ہے اور وہ خود کسی حکومتی ضابطے کا پابند تصور نہیں کرتے