تحریک کشمیر برطانیہ کایوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برطانیہ بھر میں ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

 

 

اسلام آباد:تحریک کشمیر برطانیہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برطانیہ بھر میں ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے، 4 فروری کو برطانوی پارلیمنٹ میں انٹرنیشل کشمیر کانفرنس منعقد ہوگی، کانفرنس کے مہمان خصوصی صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان ہوںگے۔ برطانیہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق کانفرنس سے ممبران پارلیمنٹ، ہاوس آف لارڈز کے اراکین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سرکردہ رہنما اور کشمیری قائدین خطاب کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ چھ ماہ سے مسلسل کرفیو اور انسانی حقوق کی پامالیوں، بھارتی حکومت کی سازشوں اور ناپاک عزائم پر روشنی ڈالی جائے گی اور برطانوی حکومت کی توجہ ا س طرف مبذول کرائی جائے گی تاکہ وہ ان حالات میں مداخلت کرے اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل پر توجہ دے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے کہ برطانیہ کے مختلف شہروں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروگراموں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ ملک کے دیگر شہروںمیں بھی یوم یکجہتی کے حوالے سے جلسے، تقریبات اور سیمینارز منعقدکے جائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا، کیونکہ آزادی کی جدو جہد میں وہ تنہا نہیں ہیں اور ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایک دن کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ فہیم کیانی نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں حریت کانفرنس کے رہنما الطاب بٹ، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب بھی خطاب کریں گے۔ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت جو داستانیں رقم ہو رہی ہیں ان پر روشنی ڈالی جائے گی اور دنیا کی توجہ ان پر مبذول کرائی جائے گی۔ خطے کے امن کو مسئلہ کشمیر سے خدشات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے ناپک عزائم کی وجہ سے دنیا کے امن کو شدیدہ خطرہ ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی تصادم سے ایٹمی جنگ کا خطرہ ہے جو عالمی امن کے علمبرداروں کے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل پر توجہ دے اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔