صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس محمد قاسم خان کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کردیا۔وفاقی وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ‘صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 193 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد قاسم خان کو عدالت عالیہ کا چیف جسٹس مقرر کردیا ہے’۔نوٹی فکیشن کے مطابق ‘جسٹس قاسم خان 19 مارچ 2020 کو اپنا منصب سنبھال لیں گے’۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مامون الرشید 18 مارچ کو اپنی مدت مکمل کرکے ریٹائر ہوجائیں گے۔چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں رواں ماہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ جسٹس قاسم خان کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنایا جائے گا۔


