قہقہوں کے بادشاہ مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے

معروف کامیڈین امان اللّٰہ انتقال کر گئے
اپنی بیماری سے لڑتے لڑتے جمعہ کو خالقِ حقیقی سے جا ملے، ان کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر ادا کی گئی
کامیڈین و اداکار امان اللّٰہ کو 2018ء سے گردوں اور پھیپھڑوں کے امراض لاحق تھے، اب بھی گزشتہ ایک ہفتے سے وہ لاہور کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔دو روز قبل امان اللّٰہ کو حالت زیادہ بگڑنے پر آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر شفٹ کر دیا گیا تھا تاہم آج صبح وہ انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر پھیلنے کے بعد پوری انڈسٹر ی میں سوگ کی فضا پیدا ہو گئی، الحمراء انتظامیہ کی جانب سے امان اللّٰہ کی وفات کے بعد ایک روزہ سوگ کے ساتھ آج الحمراء میں کوئی بھی اسٹیج ڈرامہ نہ کروانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
امان اللّٰہ نے غریب گھرانے میں آنکھ کھولی، لیکن اپنی کامیڈی سے 66 سالہ زندگی کو شاندار بنا ڈالا، انہوں نے پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جس پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔
اہل خانہ کے مطابق امان اللّٰہ خان 1954ء میں گوجرانوالہ کے غریب گھرانے میں پیدا ہوئے، لڑکپن سے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے پھیری لگا کر چیزیں بیچتے رہے، مزاح شروع سے ہی ان کی طبیعت کا حصہ تھا۔امان اللّٰہ نے کامیڈی کا باقاعدہ آغاز 1995ء میں تھیٹر سے کیا، انہیں شروع میں چھوٹے موٹے کردار ملے، 2006ء میں پہلی فلم ’ون ٹو کا ون‘ اور پھر 2014ء میں فلم ’نامعلوم افراد‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔امان اللّٰہ نے سخت محنت کی اور تھیٹر کی دنیا میں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے، ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامہ پیش کیا اور بہت سے ڈراموں کو اپنی کامیڈی سے یادگار بنا دیا۔
امان اللّٰہ نے ٹی وی شوز میں بھی کام کیا، ہمسایہ ملک بھارت سمیت مختلف ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور ملک کا نام روشن کیا، حکومت نے 2018ء میں انہیں تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا۔
رواں برس جنوری میں امان اللّٰہ کو نمونیہ ہونے کے بعد تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا اور اسپتال انتظامیہ کو اس وقت بھی انہیں وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑا تھا۔
اس دوران ایک موقع پر سوشل میڈیا پر امان اللّٰہ کے انتقال کی افواہ پھیل گئی تھی تاہم ان کی صاحبزادی زرغون اور بیٹے معیز علی نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔
امان اللّٰہ نے 3 شادیاں کیں، جبکہ 7 بیٹے اور 7 بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں، ان کی نمازِ جنازہ آج نمازِ عصر کے بعد پیراگون سوسائٹی لاہور میں ادا کی جائے گی۔