
پاکستان ٹی 20 کرکٹ کے کپتان اور ورلڈ نمبر ایک بیٹسمین بابر اعظم نے اپنی ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اسلام آباد ریجن کے کرکٹ گرائونڈ ڈائمنڈ اور ڈائمنڈ کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وہ کھلاڑیوں کے ساتھ گھل مل گئے اور انہیں اس گرائونڈ سے وابستہ اپنی خوبصورت یادوں سے محظوظ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسلام آباد ریجن کے صدر شکیل شیخ کی خدمات کا خصوصی تذکرہ کیا اور کہا کہ انہوں نے اسلام آباد ریجن سے بڑی کرکٹ کھیلی ۔ جب میرا اپنا ریجن مجھے نظر انداز کر رہا تھا تو اسلام آباد ریجن اور شکیل شیخ نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے مواقع فراہم کیے جس پر میں ان کا مشکور ہوں۔ انہوں نے اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو بتایا کہ میں نے تین سال یہاں کرکٹ کھیلی اور یہاں سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔انہوں نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ اگر آپ کامیاب پیشہ ور کرکٹر بننا چاہتے ہیں تو ڈائمنڈ کرکٹ اکیڈمی کی سہولیات اور شکیل شیخ کی خدمات سے فائدہ اٹھائیںکچھ سالوں میں دنیا آپ کی ہوگی۔




