جو محدود ہے وہ محفوظ ہے ،وفاقی دارالحکومت میں کروناوائرس سے بچاؤ کیلئے تیار ہونے والے واک تھرو گیٹ کاافتتاح

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں کوروناوائرس سے بچا ئوکے لیے تیار ہونے والے واک تھرو گیٹ کاافتتاح کردیاگیا۔گیٹ سے گزرنے والے پر چراثیم کش سپرے کیاجائے گا، وفاقی دارالحکومت میں اس طرح کے 20گیٹ لگانے کاارادہ رکھتے ہیں ،اس گیٹ سے ایک منٹ میں 80 لوگ گزر سکیں گے اور 4کڑوڑ روپے خرچ آئے گا۔ کنٹرول پرائس پہ روزمرہ کا سامان مہیا کرنے کے انتظامات شروع کر دئیے ہیں ۔ان خیالات کااظہاروزیراعظم کے معاون خصوصی اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے اسلام آباد سبزی منڈی میں کرونا فری واک تھرو گیٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ چارکروڑ کی لاگت سے بنے اس گیٹ سے ایک منٹ میں 80 لوگ گزر سکیں گے جبکہ ہم اسلام آباد میں اس طرح کے 20 گیٹس لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ہمارے وزیر اعظم عمران خان نے ایک پیغام دیا کہ جو محدود ہے وہ محفوظ ہے اور اس کے بعد لوگوں نے خود کو محدود کرنا شروع کرنا اور ہمیں کچھ علاقوں میں لاک ڈاون کی طرف جانا پڑا جس کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔ ایسے حالات میں ہم نے اسلام آباد میں گھروں میں محصور لوگوں کے لئے راشن کا انتظام بھی شروع کر دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم کنٹرول پرائس پہ روزمرہ کا سامان مہیا کرنے کے انتظامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واک تھرو گیٹ کا مقصد یہی ہے کہ خدا نخواستہ اگر کوئی بندہ کرونا یا کسی اور وائرس کا کیئریر رکھتا ہو تو ختم ہوجائے. چونکہ کرونا ایک نیا وائرس ہے اور انسان کی جان سے زیادہ کچھ نہیں اسلئے ہم واک تھرو گیٹ طرز کے احتیاطی تدابیر مساجد اور دیگر پبلک مقامات پہ اختیار کر رہے ہیں۔ ہم نے سب لوگوں سے درخواست کی ہے کہ اجتماعات سے گریز کریں اور کچھ عرصے کے لئے خود کو شادی بیاہ اور دوسرے تمام اجتماعات سے الگ کر لیں تاکہ ہم پاکستان کو محفوظ کر سکیں۔انہوں اس وبا کے موقع پر عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا الحمداللہ اب لوگ اس چیز کو سمجھ رہے ہیں اور ہمارے ساتھ تعاون بھی کر رہے ہیں کیوں کہ جو محدود ہے وہ محفوظ ہے۔