چنیوٹ: انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے نائب امیر مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تبلیغی جماعت سے کسی قسم کی ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی، تبلیغی جماعت پرامن ہے لیکن لاوارث نہیں، ان پر ظلم اور زیادتی کرکے اللہ کے عذاب کو دعوت نہ دی جائے، یہ جماعت دنیا بھر میں مسلمانوں کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے اور پوری دنیا میں امن کی داعی ہے، اس کے احباب دنیا کے ہر خطہ میں اور ملک میں امن کے سفیر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، یہ ایسی جماعت ہے جس کی تبلیغ سے کہیں اور کبھی بھی کوئی انتشار نہیں پھیلا۔انہوں نے تبلیغی جماعت کے خلاف منفی پراپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے لیئے ایک خاص ذہن کے تحت تبلیغی جماعت کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے اور تبلیغی جماعت کے اراکین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ تبلیغی جماعت کو لاوارث نہ سمجھیں انہوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تبلیغی جماعت کا میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے جس وقت ملک کو اتحاد واتفاق کی اشد ضرورت ہے اس وقت میں ملک میں فرقہ واریت اور انتشار کو ہوا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت ایک پر امن اور منظم جماعت ہے۔ تبلیغی جماعت پر کسی قسم کا ظلم وجبر برداشت نہیں کیا جا ئے گا’جان بوجھ کر تبلیغی جماعت کے خلاف منفی پراپیگنڈا کرنے والے خدا کا خوف کریں۔ کیا پوری دنیا میں کرونا وائرس تبلیغی والوں کی وجہ سے پھیلا ہے۔



