کورونا وائرس
سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2580 ہوگئی ہے۔ملک میں آج کورونا وائرس سے ہلاکتیں صوبہ خیبرپختونخوا اور سندھ میں ہوئیں۔
سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں مزید 3 افراد مہلک وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 2 مریض جاں بحق ہوئے جن کی عمریں 80 اور 60 سال تھیں اور یکم اپریل کو ان کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے جبکہ دونوں افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔
بعد ازاں صوبے میں کورونا وائرس سے حیدرآباد میں ایک اور ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 54 سالہ شخص کو 3 اپریل کو ٹیسٹ مثبت آنے کی بعد زیر علاج رکھا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مریض نیورولوجیکل مسائل اور قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا۔ وزیر صحت کے مطابق صوبے میں اب تک مہلک وائرس کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس نے آج مزید 2 زندگیاں نگل لیں جس کی تصدیق صوبائی وزارت صحت نے بھی۔صوبائی وزارت صحت کے مطابق سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
سندھ اور کے پی میں ہونے والی 5 ہلاکتوں کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک سندھ میں 14، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 11، 11 جبکہ گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
ملک میں آج بروز جمعہ اب تک 181 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے پنجاب میں 92، سندھ میں 42، خیبرپختونخوا میں 32، اسلام آباد اور بلوچستان میں 6، 6 اور گلگت بلتستان میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سندھ
سندھ میں آج مزید 2 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 13 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 80 اور 60 سال تھیں جن کے یکم اپریل کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے، دونوں افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔
سندھ کے محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں اب تک 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 783 ہوگئی ہے۔
سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 13 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 12 ہلاکتیں کراچی اور ایک ٹنڈو محمد خان میں ہوئی جب کہ صوبے بھر میں اب تک 65 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
آج بروز جمعہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
آج بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 190 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے ان کیسز کی فی الحال تصدیق نہیں کی گئی ہے البتہ محکمہ اطلاعات کی جانب سے کورونا سے 8 افراد کے شفایاب ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔



