رمضان المبارک کا چاند 24 اپریل کو نظر آجائے گا اور انشا اللہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو پہلا روزہ ہوگا ،فواد چودھری کا دعویٰ،مفتی منیب الرحمان کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتااتنے چھوٹے کرونا نے کیا نظر آنا ہے

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے دعوی کیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 24 اپریل کو نظر آجائے گا اور انشا اللہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو پہلا روزہ ہوگا ۔گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں انہوں نے جہاں رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا وہی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ارادہ تھا اس بار چاند دیکھنے کے لئے لوگوں کو اکٹھا کریں گے لیکن کرونا نے ہر اجتماع منسوخ کرا دیا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ انشاللہ اگلے سال موقع ملا تو چاند رات کی تقریب کا انعقاد کریں گے۔بدھ ہی کے روز ایک دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کے مساجد پر لاک ڈان کا اطلاق نہ ہونے سے متعلق بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مولانا منیب الرحمان ہمارے بزرگ ہیں اور قابل احترام ہیں لیکن ان کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا تو اتنا چھوٹا کورونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کی توجہ دلائی گئی ہے کہ آپ کی وزارتی کمیٹی کے سربراہ اگر حکومتی احکامات کا یوں مذاق اڑائیں گے تو باقیوں سے کیا توقع؟واضح رہے کہ منگل کو پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ اب سے مساجد پر لاک ڈان کا اطلاق نہیں ہوگا، مساجد میں سماجی فاصلے کے اصول کا خیال رکھا جائے گا اور رمضان المباک کے دوران مساجد میں نماز تراویح اور اعتکاف کا سلسلہ جاری رہے گا۔جس پر فواد چودھری نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔