پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 8 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 128 جان کی بازی ہارچکے ہیں۔
پاکستان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا تاہم گزشتہ 15 روز میں اس میں بہت زیادہ تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔ملک میں وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف نوعیت کی پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن کو بھی 30 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے تاہم وائرس کے سبب اموات میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔گزشتہ روز سب سے بڑے شہر کراچی سے یہ رپورٹس آئی تھیں کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہسپتالوں میں مردہ لائے جانے والے مریضوں اور شرح اموات میں اضافہ ہوا ہے جس سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اگر کورونا وائرس کے آج (جمعرات) کو سامنے آنے والے کیسز اور اموات کو دیکھیں تو ابھی تک سندھ، پنجاب، اسلام آباد اور گلگت اور بلوچستان میں کیسز اور اموات ہوئیں۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہاں مزید 340 کیسز اور 4 اموات سامنے آئیں۔سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اب تک 18 ہزار 900 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جس میں 340 نئے کیسز کے بعد مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 2008 ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 16 افراد کے ٹھیک ہونے کے ساتھ ہی مجموعی طور پر 576 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 45 افراد اب تک سندھ میں انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب
ادھر پنجاب میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 216 نئے کیسز اور 4 اموات ریکارڈ کی گئیں۔صبح کے وقت میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک رپورٹ ری ٹوئٹ کی جس میں پنجاب کے کیسز کی تعداد 3217 تک بتائی گئی۔بعد ازاں پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں مزید 15 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کیسز کی تعداد 3 ہزار 232 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 550 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ مزید 6 افراد کے انتقال کے بعد اموات 34 ہوگئی ہیں۔ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ صوبے میں متاثرہ افراد میں 13 کی حالت نازک ہے۔متاثرین کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا گیا کہ قرنطینہ مراکز میں رکھےجانے والے افراد میں سے 701 زائرین، 1236تبلیغی جماعت کے اراکین اور 91 افراد جیلوں میں ہیں جبکہ مختلف اضلاع کے مریضوں کی تعداد 1204 ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں کورونا وائرس سے ایک اور شخص انتقال کرگیا۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان میں ایک اور مریض کی کورونا وائرس سے موت ہوئی۔بعد ازاں بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی سے صوبے میں مزید 4 نئے کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہاں متاثرین کی تعداد 285 تک پہنچی۔کچھ ہی دیر بعد انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کے ذریعے صوبے میں مزید 6 افراد میں وائرس کی تشخیص ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے لکھا کہ اب تک بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 291 تک پہنچ چکی ہے جبکہ مقامی سطح پر وائرس میں تیزی آرہی ہے اور اس سے متاثرہ ہونے والوں کی تعداد 143 ہے۔
اسلام آباد
ادھر سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 5 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔وفاقی دارالحکومت میں سامنے آنے والے ان 5 نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 145 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
وہی گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آگئے، جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 237 تک پہنچ گئی۔سرکاری سطح پر یہ بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے کیسز 234 سے بڑھ 237 تک پہنچ گئے ہیں۔
تاہم ان کیسز اور اموات کے باوجود پاکستان میں مریض تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔اعداد و شمار کو دیکھیں تو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 199 مریض مکمل شفایاب ہوگئے۔جس کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 1446 سے بڑھ کر 1645 تک پہنچ گئی ہے۔
ان نئے کیسز اور اموات کے بعد اگر ملک میں مجموعی تعداد کو صوبوں اور علاقوں کے حساب سے دیکھیں تو پنجاب میں 3 ہزار 232 کیسز اور 34 اموات ہیں۔اس کے بعد سندھ میں 2008 کیسز اور 45 اموات، خیبرپختونخوا میں 912 کیسز اور 42 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔بلوچستان میں کیسز کی تعداد 291 اور اموات 3 ہیں، گلگت بلتستان میں 237 متاثرین ہیں اور 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
اسلام آباد میں 145 افراد کے متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک موت بھی ہوچکی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 46 افراد متاثر ہیں اور ابھی تک کوئی موت نہیں ہوئی۔



