لال مسجد والوں کی شہدا فاؤنڈیشن قادیانیوں کو اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے کی حامی ؟

 

اسلام آباد : قادیانیوں کو اقلیتی کمیشن میں شامل نہ کرنے کے حکومتی اقدام کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوبارہ دلائل طلب کر لیے ہیں۔
عدالت عالیہ درخواست گزار کی طرف سے پہلے دیے گیے دلائل سے کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی اس لیے عدالت کی جانب سے درخواست گزار کے وکیل کو درخواست قابل سماعت ہونے پر دوبارہ دلائل دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا ہے فیصلے کے مطابق قادیانیوں کے اقلیتی کمیشن میں شامل نہ کرنے کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر چار جون کو درخواست گزار دوبارہ دلائل دیں اور آئندہ سماعت پر شہدا فاونڈیشن کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی عدالت پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔
شہری حافظ احتشام نے شہدا فاونڈیشن کی جانب سے وفاقی کابینہ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کا قادیانیوں کو اقلیتی کمیشن میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے،قادیانیوں کو اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔