
اسلام آباد کے علاقے چونگی نمبر 26 میں ناکے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر(اے ایس آئی )محسن ظفر اور ہیڈ کانسٹیبل سجاد کے نام سے ہوئی جو ناکے پر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔پویس ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد پولیس محمد عامر ذوالفقار خان نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور واقعے کی تحققیات کے لیے 2 تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو ایس پی انویسٹیگیشن سید مصطفی تنویر اور ایس پی صدر کی نگرانی میں کام کریں گی۔
جاں بحق اہلکاروں کے جسد خاکی پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں نمازِ جنازہ ادا کر کے پورے اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گائوں کو روانہ کردیے گئے۔آئی جی
عامر ذوالفقار خان نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی اس موقع پر پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں کر سرچ آپریشن بھی کیا۔انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کو کہا کہ اس مقصد کے تمام تر دستیاب وسائل کا استعمال کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 22 اگست کو اسلام آباد میں سبزی منڈی کے قریب ناکے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھی 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔پولیس کے مطابق اسلام آباد سبزی منڈی کے ناکے پر 3 جوان معمول کی ڈیوٹی پر تھے کہ تلاشی کے دوران نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ شروع کردی تھی۔


