وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

اسلام آباد:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور قومی اسمبلی کے دو مزید اراکین قومی اسمبلی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ،لعل چند اور دیگر کی رپورٹس کا انتظار ہے۔
شاہد خان عباسی کے اہلخانہ نے ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان نے طبیعت ناسازی پر گزشتہ روز کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور اس کے بعد انہوں نے خود کو اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ کرلیا ہے۔بعدازاں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورانگزیب نے بھی شاہد خاقان عباسی ک کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ لیگی رہنما نے کورونا رپورٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں ہی قرنطینہ منتقل کر یا ہے، ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے سیاسی سرگرمیاں معطل نہیں کیں بلکہ گھر میں ہی بیٹھ کر ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔
ترجمان وزارت ریلوے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو بظاہر کوئی علامات نہیں تھی تاہم انہوں نے شک کی بنیاد پر کورونا کا ٹیسٹ کرایا جس میں انہیں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہوں نے خود کو 2 ہفتوں کے لئے گھر میں قرنطینہ کر لیا ۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ڈاکٹرز نے شیخ رشید کو ہدایت کی ہے کہ وہ 2 ہفتے خود کو آئسولیٹ کریں ۔ شیخ رشید نے بھی خود میں کورونا وائرس کے پانے کی تصدیق کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بظاہر کوئی علامت نہیں تھی کسی سے زیادہ ملاقات بھی نہیں ہوئی ۔ 7 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ کرائوں گا ۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیاہے۔رکن اسمبلی لعل چاند نے جے پرکاش کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی جے پرکاش نے گزشتہ رات پارلیمنٹ لاجز میں دعوت کا اہتمام کیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،رکن اسمبلی لعل چند اور عمر کوٹ سے پی ٹی آئی کارکنان بھی شریک تھے۔ جے پرکاش کی دعوت میں شرکت کے باعث شاہ محمود قریشی نے بھی کورونا ٹیسٹ کروا لیا ہے جس کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔