مملکت میں پہلے سے مقیم افراد ہی اس سال حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے، سعودی عرب کا اعلان

اسلام آباد:سعودی عرب کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وباء کے باعث اس سال پہلے سے سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے اور کسی کو باہر سے حج کے لئے آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا کے باعث حج کے شرکا کی تعداد محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت کا بیان میں کہنا تھا کہ سعودی عرب میں قیام پذیر مختلف ممالک کے شہری بھی حج کرسکیں گے اور حج کے دوران بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزرات کے مطابق دوران حج عازمین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ انسانی جان کے تحفظ سے متعلق اسلامی شریعت کے مقاصد پورے کیے جاسکیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث 1300 سے زائد افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد ہے۔
سعودی حکومت نے کورونا کے باعث لاک ڈان بھی 22 جون سے ختم کردیا ہے جس کے بعد معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ انڈونیشیا اور ملائیشیا پہلے ہی رواں برس اپنے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کا اعلان کرچکے ہیں۔