فائر سیفٹی کے ’ناکافی انتظامات‘، میریٹ ہوٹل کو بھی نوٹس جاری

ہوٹل فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشنز 2010 کے سیکشن 3 اور 4 کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔سی ڈی اے کا نوٹس

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)فائر سیفٹی کے ناکافی انتظامات پر اسلام آباد کے معروف فائیو سٹار ہوٹل میریٹ کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے . سی ڈی اے کی جانب سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد سے کیے جانے والے اقدامات کے تحت لگژری ہوٹل میریٹ کو بھی فائر سیفٹی کے ’ناکافی انتظامات‘ پر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل سی ڈی اے داراالحکومت کی آٹھ دیگر عمارتوں کو فائر سیفٹی کے ’ناکافی انتظامات‘ کی بنیاد پر سیل کر بھی کر چکا ہے۔یہ کارروائیاں 26 اگست کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی موت کے چند روز بعد سامنے آئی ہیں۔
واقعے کے بعد 29 اگست کو وزیراعظم شہباز شریف نے تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں پمز اور متعلقہ اداروں کے آٹھ افسران کو معطل کر کے فوری طور پر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔حادثے کے بعد سی ڈی اے نے بھی اسلام آباد میں مختلف عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ تیز کر دی ہے۔ فائر اور لائف سیفٹی تقاضے پورے نہ کرنے والے بعض ہسپتالوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں واقع معروف ہوٹل میریٹ کو یکم ستمبر کو جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے ہوٹل کا معائنہ کیا گیا، جس کے دوران فائر اور لائف سیفٹی کے انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل اسلام آباد فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشنز 2010 کے سیکشن 3 اور 4 کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
فائر اینڈ سیفٹی افسر نے بتایا کہ ’ہوٹل انتظامیہ سی ڈی اے کی ہدایات پر عمل کرے گی۔‘ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے انتظامات مکمل کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا ہے اور ہوٹل انتظامیہ آئندہ 7 سے 8 روز میں ان تمام نکات پر عمل درآمد کر دے گی جن کی نشاندہی سی ڈی اے کی انسپیکشن ٹیم نے کی ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں فائر اینڈ سیفٹی کے انتظامات مکمل کیوں نہیں تھے تو ان کا کہنا تھا کہ ’سی ڈی اے کی جانب سے صرف چند معمولی نوعیت کے نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔‘
سی ڈی اے نے ہوٹل انتظامیہ کو نشاندہی کی گئی خامیاں دور کرنے اور مطلوبہ اقدامات مکمل کرنے کے بعد کمپلائنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ حفاظتی اقدامات مکمل نہ کیے گئے تو ہوٹل کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں عمارت کو سیل کرنا بھی شامل ہے