کراچی: اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ ،چار دہشت گردوں اور پولیس اہلکار سمیت سات افراد ہلاک

 

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے میں چار دہشت گردوں سمیت چھ 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔پولیس کے مطابق پیر کی صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشتگردوں نے پہلے اسٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بموں حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کا کہنا ہیکہ دستی بم حملے اور فائرنگ میں 4 افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار، اسٹاک ایکسچینج کا سیکیورٹی گارڈ اور 2 شہری شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ حملے میں 2 شہری جاں بحق بھی ہوگئے ہیں جب کہ پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکار اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہوئے اور فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ایک دہشتگرد کو اسٹاک ایکسچینج کے ہال میں مارا گیا۔
حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے قریبی علاقوں کا بھی مکمل محاصرہ کرلیا جب کہ حملے کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ کو میری ویدرٹاور اور شاہین کمپلیکس سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حملے میں اب تک سات ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں 2 عام شہری جاں بحق ہوئے جب کہ 4 دہشت مارے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد جدید اسلحہ سے لیس تھے اور ان کے پاس بارودی مواد سے بھری جیکٹیں بھی موجود تھیں۔
کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن نے حملے کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 4 دہشتگردوں نے اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی کوشش کی لیکن فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں چاروں دہشتگرد مارے گئے ہیں۔غلام نبی میمن نے بتایا کہ دہشتگرد پارکنگ ایریا سے سلور رنگ کی کار میں آئے تھے ان کے پاس اسلحہ اور گولہ بارود بھی تھا جو فورسز نے قبضے میں لے لیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ واقعے میں پولیس کا کوئی جوان شہید نہیں ہوا البتہ دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں کی طرح کا لباس پہن رکھا تھا۔غلام نبی میمن نے بتایا کہ اب صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور دہشتگردوں کے دیگر ساتھیوں کے شبے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز نے بھی آپریشن میں تمام دہشتگردوں کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج عابد علی حبیب نے کہا کہ دہشتگرد پارکنگ ایریا میں آئے اور اندھا دھند فائرنگ کی، ہمارے گارڈز نے دہشتگردوں سے مزاحمت کی۔ دہشتگردوں نے اسٹاک ایکسچینج کے گرانڈ اور ٹریڈنگ ہال میں بھی فائرنگ کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور لوگ آس پاس کی عمارتوں میں گھس گئے۔