بلوچستان میں سی پیک کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے،چئیرمین سینٹ کا چین کے سفیر سے ملاقات میں اظہار خیال

 

اسلام آباد(چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور گوادر میںجاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ اس کے ثمرات سے صوبہ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے ہیڈکوارٹر میں چین کے سفیر یائوجنگ سے ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات میں سی پیک سمیت ترقیاتی منصوبوں اور کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سی پیک کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل کی بدولت صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکتا ہے اور اس عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ چین کے سفیر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاً بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں اور چین کے سرمایہ کار کثیر الجہتی شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں جس کا فائدہ بلوچستان کی عوام کو پہنچے گا اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کرونا وبا کے دوران چین کی جانب سے اب تک فراہم کی گئی معاونت اور امداد پر شکریہ ادا کیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخ میں ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے ۔دونوں ممالک کے مابین ترقیاتی اور اقتصادی شراکت داری ایشیاء کو دنیا میں منفرد مقام فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک
خطے کے شاندار مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے اور حکومت کی جانب سے سی پیک اتھارٹی کے قیام کے فیصلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں نہ صرف تیزی لائی جائے گی بلکہ ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد استفادہ بھی حاصل کیا جائے گا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات کے استحکام سے نہ صرف عوام کو ایک کے دوسرے کے قریب آنے کے مواقع میسر ہونگے بلکہ اقتصادی تعاون کو بھی فروغ حاصل ہوگا اور اس کیلئے پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک دیرینہ اور بے مثال دوست ہے اور سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ گوادر پورٹ اور ضلع گوادر کے ترقیاتی عمل پر بھی کافی حد تک پیش رفت ہو چکی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔