
اسلام آباد:وفاقی پولیس نے سنتھیا رچی کی درخواست پر سینیٹر رحمان ملک کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکارکردیاہے۔ڈسٹرکٹ کورٹ میں سینتھیا رچی کی رحمان ملک کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست میں جواب جمع کراتے ہوئے کہاگیاہے کہ سنتھیا رچی کی جانب سے سینیٹر رحمان ملک کیخلاف الزامات کا کوئی ثبوت نہیں ملا، سنتھیا رچی کی درخواست مشکوک اور بظاہر بدنیتی پر مبنی ہے،سنتھیا رچی کے پاس کسی قسم کا ثبوت نہیں، درخواست ناقابل کاروائی ہے،سنتھیا رچی نہ درخواست میں نہ پیشی کے دوران الزامات ثابت کرنے کیلئے کوئی ثبوت پیش کرسکی،دھمکیوں کے الزامات کو ثابت کرنے کیلئے سنتھیا رچی نے نہ کسی کا فون نمبر نہ تاریخ نہ دھمکی کا وقت بتایا،درخواست میں سنتھیا رچی نے آج سے نو سال پہلے 2011 میں زنا بالجبر کا الزام لگایا،ریکارڈ کے مطابق سنتھیا نے مذکورہ واقعے کے وقت تھانہ ھذا میں کوئی درخواست نہیں دی،متعلقہ سفارتخانہ کیطرف سے بھی اس وقت ایسی کوئی اطلاع نہیں دی گئی،سنتھیا رچی نے پولیس یا کسی دیگر فورم پر تحریری یا زبانی شکایت درج نہیں کروائی،سنتھیا رچی کے پاس کوئی میڈیکل سرٹیفیکیٹ /MLR نہیں ہے، یادرہے کہ عدالت نے ایس پی کمپلینٹ سے نو جولائی تک تفصیلی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔



