منع کرنے کے باوجود رحمان ملک کے خلاف بیان بازی ، عدالت نے سنتھیا ڈی رچی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا

اسلام آباد: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا کی عدالت نے سنتھیا ڈی رچی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ سینیٹر عبدالرحمن ملک کی طرف سے دائر توہین عدالت درخواست میں کہا گیا کہ جان بوجھ کر عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرکے سنتھیا ڈی رچی توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے۔ 29 جون کو سیشن کورٹ اسلام آباد نے سنتھیا ڈی رچی کو سینیٹر رحمان ملک کے خلاف کسی بھی قسم کے بیانات نہ دینے کے احکامات جاری کئے ، سیشن کورٹ نے حکم صادر کیا ہے کہ سنتھیا ڈی رچی سینیٹر رحمان ملک کے خلاف نہ کسی قسم کا بیان جاری کرے گی اور نہ بولے گی۔ عدالت نے سنتھیا ڈی رچی کو سینیٹر رحمان ملک کے خلاف کسی قسم کا مواد شائع کرنے سے بھی منع کیا ہے لیکن عدالتی احکامات کے باوجود سنتھیا ڈی رچی اپنے ٹیوٹر اکاونٹ سے مسلسل سینیٹر رحمان ملک کے خلاف بیانات جاری رکھی ہوئی تھیں اور ایک غیرملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو بھی  دے چکی ہیں، پیشی کے بعد سنتھیا ڈی رچی نے میڈیا سے بات کرکے الزامات لگائے ہیں۔ رحمان ملک کے وکلاء نے کہا  سنتھیا ڈی رچی عدالتی احکامات ٹویٹر ہیڈر پر لگاکر تضحیک اڑ رہی ہے۔ عدالت نے سنتھیا ڈی رچی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 13 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔ادھر  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر اعوان کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا رچی کی بے نظیر بھٹو کے خلاف نازیبا ٹویٹ پر کیس اندراج کیلئے دائر درخواست میں ایف آئی اے کا جواب نہ آنے پر سماعت ملتوی کر دی۔ پیپلز پارٹی کے  وکیل ندیم مغل کی ایف آئی اے سائبر کرائم میں مقدمہ اندراج کی ایک اور درخواست پر سماعت کے دورانسنتھیا رچی اپنے وکیل عمران فیروز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی۔ اس موقع پرایف آئی اے کی جانب سے جواب نہ جمع کرایا جا سکا جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایک اوردرخواست میں ایف آئی اے کو عدالت نے قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی تھی۔