
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے کے الیکٹرک کے مالک کے گھر کا بجلی کنکشن کاٹنے کا اعلان کردیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رکن عالمگیر خان نے کہا کہ اس وقت کراچی میں مشکل وقت ہے۔ عوام کے الیکٹرک کیخلاف اور کے الیکٹرک عوام کے خلاف مقدمات بنا رہے ہیں،جگہ جگہ کے الیکٹرک کے ملازمین کو کھمبوں کیساتھ باندھا جا رہا ہے احتجاج کے باوجود،کراچی میں بجلی کا بحران پریشان کن ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بلاول بھٹوزرداری نے ایف آئی اے کی رپورٹ پیش کی مگر وہ رپورٹ پیپلز پارٹی ہی کیخلاف تھی،اس رپورٹ کی روشنی میںماضی میں کے الیکٹرک کے ساتھ جو معاہدے ہوئے ان پر نظرثانی کی جائے۔میں احتجاج کے طور پر کے الیکٹرک کے سی او کے گھر کا بجلی کنکشن کاٹوں گا۔انہوں نے کہا کہ بتایا جائے گزشتہ سال فرنس آئل کیوں نہیں منگوایا گیا،کے الیکٹرک کے ایم ڈی کو بلایا جائے اور کمیٹی میں پوچھا جائے،عوام کو پانی بھی نہیں مل رہا، سندھ حکومت کو بھاگنے نہیں دینگے۔میرے حلقے میں کبھی زندگی میں پانی کا مسئلہ نہیں ہوا مگر وہاں بھی آج پانی کا مسئلہ ہے،ہم کراچی میں رہتے ہیں ہم بھی کراچی کے باشندے ہیں ،ہمیں بھی پانی دیا جائے۔ہم احتجاج کرتے ہیں تو ہم پر مقدمات بنائے جاتے ہیں اور ہمیں جیلوں میں ڈالا جاتا ہے،کراچی میں پانی پر بھی کاروبار کیا جا رہا ہے،ٹینکر مافیا اس وقت کراچی میں پانی بحران کا ذمہ دار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



