
اسلام آباد:کامسٹک مصنوعی ذہانت اور آئی او ٹی مصنوعات اور خدمات کی پہلی نمائش اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائش کا افتتاح صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کی صبح کیا تھا۔ پورے پاکستان سے انڈسٹری ، اکیڈمیا ، ریسرچ سنٹرز اور اسٹریٹجک تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چھبیس نمائش کنندگان نے صحت ، انٹرنیٹ آف تھنگز ، ورچوئل اسسٹنٹس اینڈ چیٹ بوٹس ، بگ ڈیٹا اینڈ ڈیٹا اینالیٹکس ، سائبر سیکیورٹی ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ، ورچوئل اگمنڈڈ رئیلٹی، بلاک چین ، کاروباری انٹیلیجنس اور 5 جی کے شعبوں میں اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کیں۔ طلبا اور محققین کی ایک بڑی تعداد نے دو روزہ نمائش کا دورہ کیا۔کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹک پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چودھری نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹنر تنظیموں بشمول وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن آف پاکستان اور سینٹر فار ایڈوانسڈ ریسرچ ان انجینئرنگ (کیئر) کو اس ایونٹ کی کامیابی سے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔. انہوں نے یقین دلایا کہ کامسٹیک مستقبل میں او آئی سی کے ممبر ممالک میں جدید ترین ٹیکنالوجیزکے شعبوں میں اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹیک پروگراموں کی بنیادی توجہ جدید ٹیکنالوجیز میں او آئی سی اور خطے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کامسٹک بین الاقوامی اقدامات کے ذریعے سے پاکستان کو سائنسی لحاظ سے ایک سرکردہ ملک کی حیثیت سے پیش کررہا ہے۔




