جناح اقبال ساؤتھ ایشین فورم کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپ 17 اگست کو ہوگا


کیمپ جناح اقبال ایجوکیشن اصغر مال اسکیم راولپنڈی کے ہال میں لگایا جائیگا، سابق وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر افتتاح کریں گے

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)جناح اقبال ساؤتھ ایشین فورم یوم آزادی پاکستان کے موقع پر سیلاب سے متاثر ہونے والے جڑواں شہروں کے مستحق مریضوں کے چیک اپ اور ادویات کی فراہمی کیلئے 17 اگست بروز اتوار خصوصی کیمپ منعقد کرے گا۔فورم کے چیئرمین رانا عبدالباقی نے بتایا کہ یہ فری میڈیکل کیمپ جناح اقبال ایجوکیشن اصغر مال اسکیم راولپنڈی کے ہال میں لگایا جائیگا۔ پنجاب کے سابق وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کیمپ کا افتتاح کریں گے اور کرنل بختیار حکیم کی انتظامی ٹیم کے ہمراہ کیمپ کے مختلف سیکشن کا جائزہ لیں گے۔ کیمپ میں فری بلڈ ٹیسٹ اور خواتین کیلئے الٹرا ساؤنڈ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
میڈیکل کیمپ میں موسمیاتی حوالے سے پیدا ہونے والی بیماریوں کاماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک اسٹڈی کمیٹی بخوبی جائزہ لے گی اور کمیٹی کی سفارشات سابق وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کے توسط سے پنجاب اور مرکزی صحت کے متعلقہ شعبوں کو بھیجی جائیں گی ۔رانا عبدالباقی نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی فوری مالی اعانت کیلئے جناح اقبال فورم کے زیر انتظام ایک، ایک ماہ کا مکمل راشن، جس میں آٹا، چاول، دالیں، گھی وغیرہ شامل ہیں، پہلے ہی تقسیم کیا جا چکا ہے۔