امریکا کی پارٹنرشپ بھارت کے ساتھ ہے وزیر خارجہ نے پاکستانی سرزمین پر مشترکہ آپریشن کی پیشکش کیسے کردی,تحریک انصاف

تحریک انصاف نے پاکستان سرزمین پر امریکا کو مشترکہ آپریشن کی پیش کش کے وزیر خارجہ کے بیان پر جواب مانگ لیا۔
ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے حالیہ بیان پر شدید احتجاج کیا گیا۔
تحریک انصاف کی رکن اسمبلی شیریں مزاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ آپریشن کی پیشکش پر وزیر خارجہ ایوان میں وضاحت دیں۔
شیریں مزاری نے کہا کہ امریکا کی پارٹنرشپ بھارت کے ساتھ ہے اور وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستانی سرزمین پر امریکا کو مشترکہ آپریشن کی پیشکش کیسے کردی۔
‘امریکا حقانی نیٹ ورک کا بہانہ بنا کر پاکستان کو ٹارگٹ کر رہا ہے’
تحریک انصاف کی رکن اسمبلی نے کہا کہ امریکا ہمیں مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے، وزیر خارجہ خواجہ آصف کو اپنے بیان پر وضاحت پیش کرنا ہوگی۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے وزیر خارجہ سے جواب مانگنے کے لئے پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب کی ڈیوٹی لگادی۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ  امریکا کو کئی بار پیشکش کر چکے ہیں کہ اگر اس کے پاس حقانی نیٹ ورک کا پتہ ہے تو ہمارے ساتھ مل کر ان کو ختم کرے۔