فریاد کام آگئی خاتون بائیک رائیڈر شیریں کو موٹر سائیکل چلانے کا لائسنس مل گیا

 

کراچی: فریاد کام آگئی کراچی میں خاتون بائیک رائیڈر شیریں فیروزپور والا کو موٹر سائیکل چلانے کا لائسنس مل گیا۔
اس حوالے سے حکومتِ سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب کی جانب سے ایک بیان بھی سامنے آیا۔جس میں انہوں نے شیریں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ہیلمٹ کے ساتھ بائیک چلائیں گی۔
سندھ حکومت کے ترجمان کے اس بیان پر بائیک رائڈر شیریں فیروزپور والا نے ان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بالکل حفاظت پہلے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں انسٹا گرم پر اور مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیریں فیروز پور والا نے کہا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس آفس میں انھیں بائیک کا لائسنس دینے سے انکار کردیا جو صنفی زیادتی ہے ان کا موقف تھا کہ بائیک لائسنس نہ ہونے کے باعث خواتین کو ہزاروں روپے کرائے کی مد میں خرچ کرنا پڑتے ہیں اور ان کی تنخواہ کا بیشتر حصہ گاڑی کے کرائے میں چلا جاتا ہے۔
بعدازاں شیریں نے یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھایا تو حکومت سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب نے یہ معاملہ حل کروادیا۔