نوازشریف اور دیگر لیگی قا ئدین کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے والا پی ٹی آئی کاتنظیمی عہدیدار اور کریمنل ریکارڈ یافتہ نکلا

 

بدر رشید ہیرا پر لاہور کے مختلف تھانوں میں اقدام قتل، ناجائز اسلحہ اور کار سرکار میں مداخلت اور پولیس سے دست درازی کے مقدمات درج ہیں

لاہور(خصوصی رپورٹر)سابق وزیراعظم نوازشریف اور دیگر لیگی قا ئدین کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانیوالا بدر رشید نامی پی ٹی آئی کاتنظیمی عہدیدار نکلا ہے ،مدعی بدررشیدخان ہیراپی ٹی آئی یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کاصد ر رہا ہے جبکہ بدررشیدگورنرپنجاب چوہدری محمدسرور سے گورنر ہائوس میں متعددبارملاقاتوں میں پیش پیش رہا ہے دوسر ی جانب گورنر ہاوَس پنجاب نے (ن) لیگ قائدین کے خلاف مقدمہ کے مدعی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغاوت کے مقدمہ کے مدعی کا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔
گورنر ہاؤس پنجاب کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور سیاست میں وضعداری کے قائل ہیں، ان کی جانب سے مخالفین کے خلاف مقدمے یا اس کی حوصلہ افزائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ترجمان گورنر ہاوَس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر سے ہزاروں افراد گورنر پنجاب سے ملاقات کرتے ہیں، ملاقات کے لیے آنے والوں کا تصاویر بنانا معمول کی بات ہے، بغاوت کے مقدمہ کے مدعی کا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔
یادرہے کہ قبل ازیں کہا گیا تھا کہ بدر رشیدکا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے تاہم بعد میں اس کا تعلق تحریک انصاف سے نکل آیا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف بغاوت کے مقدمے کا مدعی بدر رشید ہیرا خود بھی کریمنل ریکارڈ یافتہ نکلا۔ پولیس کے مطابق بدر رشید ہیرا پر اقدام قتل، ناجائز اسلحہ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج ہیں جن میں اقدام قتل کے مقدمات تھانہ شاہدرہ جب کہ ناجائز اسلحہ کا مقدمہ تھانہ شرقپور میں درج ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بدر رشید کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور پولیس سے دست درازی کا مقدمہ تھانا پرانی انارکلی میں درج ہے۔
پولیس کے مطابق بدر رشید ہیرا تحریک انصاف کی جانب سے یوسی چیئرمین کا الیکشن بھی لڑچکا ہے اور بعض مقدمات میں گرفتار بھی ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں درج کیا گیا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا جب کہ حکومت نے اس مقدمے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔