
اسلام آبادپیمرا نے مہوش حیات نئے کمرشل پر پابندی عائد کردی۔ حال ہی میں ایک بسکٹ "گالا” کے لئے بنایا گیا نیا کمرشل نشر کیا گیا جس میں اداکارہ ڈانس کرتے ہوئے نظر آرہی ہیں جس میں وہ مختصر ملبوسات پہنے ہوئے نظر آرہی ہیں جسے ڈیزائنر علی ذیشان نے ڈیزائن کیا ہے۔
پیمرا نے کمرشل پر بابندی لگاتے ہوئے جاری نوٹس میں لکھاکہ ایسے فحش اشتہارات بنانے سے گریز کیا جائے اور بسکٹ اور دیگر اشیاء کے اسی طرح کے مواد پر مبنی کمرشل بنانے کی قطعی اجازت نہیں ہے۔
پیمرا کی جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ سیٹیلائٹ ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی عام مصنوعات جیسا کہ بسکٹس، سرف وغیرہ کے اشتہارات کا مواد ان مصنوعات سے مطابقت نہیں رکھتا۔
اتھارٹی نے کہا کہ یہ رجحان ناظرین میں بے سکونی اور ان کے طرز عمل کو متاثر کرنے میں فروغ دے رہا ہے، یہ نہ صرف عام طور پر شائستگی کے قابل قبول معیارات کی خلاف ورزی ہے بلکہ پاکستانی معاشرے کی سماجی و ثقافتی اقدار کی بھی خلاف ورزی ہے۔
مزید برآں سیٹیلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ نشر ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ان ہاؤس مانیٹرنگ کمپنی کی جانب سے ناظرین، ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے اور صارفین کو کنزیومرزم کی تباہی سے بچاتے ہوئے اشتہارات کا جائزہ لیں۔
بسکٹ کا یہ اشتہار 2 روز قبل جاری ہوا تھا جو ایک منٹ 37 سیکنڈز پر مشتمل ہے جس میں اداکارہ مہوش حیات موجود ہیں۔اس اشتہار میں اداکارہ چاروں صوبوں کے لباس اور زبان میں گالا بسکٹ کو پروموٹ کرتی ہوئی نظر آئیں۔
مذکورہ اشتہار شیئر ہونے کے بعد صحافی انصار عباسی کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا اور انہوں نے پیمرا کی توجہ اس اشتہار کے مواد کی جانب مبذول کروائی تھی۔



