میجر جنرل آصف غفور سمیت پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی

راولپنڈی: سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سمیت پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے ایک ٹوئٹ کی۔ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ فوج میں 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
ترقی پانے والے ان 6 افراد کے ناموں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ جن میجر جنرلز نے ترقی پائی ہے ان میں میجر جنرل اختر نواز، میجر جنرل سردار حسن اظہر حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل سلمان فیاض غنی، میجر جنرل سرفراز علی اور میجر جنرل محمد علی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاک فوج میں وقتا فوقتا افسران کی تقرریاں اور تبادلے ہوتے رہتے ہیں، اس سے قبل مارچ میں پاک فوج کے میڈیکل کور کے 11 افسران سمیت 36 برگیڈیئرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔
مارچ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت پروموشن بورڈ کے اجلاس میں میڈیکل کور کے 11 افسران سمیت 36 بریگیڈیئرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی تھی۔
قبل ازیں گزشتہ سال 12 ستمبر کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ 5 لیفٹیننٹ جنرل کی مختلف عہدوں پر تقرریاں کی گئی، ان میں لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا، لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر اور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر شامل تھے۔اس سے ایک روز قبل پاک فوج کے 4 جنرل افسران کو میجر جنرل سے ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا تھا۔
ستمبر 2019 میں ترقی پانے والے ان 4 میجر جنرل میں میجر جنرل محمد عامر، میجر جنرل محمد چراغ حیدر، میجر جنرل ندیم احمد انجم اور میجر جنرل خالد ضیا شامل تھے۔