سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دو کرپشن کیسز کا فیصلہ سنانے والے سابق جج ارشد ملک کرونا کے باعث انتقال کر گئے بھائی نے ہارٹ اٹیک کو موت کی وجہ قراردیا

 

ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے لیکن اللہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کرگئے

ارشد ملک کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے کرونا ٹیسٹ انکا نیگیٹو ایا تھا،بھائی ایڈووکیٹ امجد ملک

اسلام آباد(وقائع نگار) سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دو کرپشن کیسز کا فیصلہ سنانے والے سابق جج ارشد ملککرونا سے جنگ ہار کر چل بسے
ارشد ملک کی خاندانی ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ارشد ملک گذشتہ دو ہفتوں سے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج اور وینٹی لیٹر پر تھے، ڈاکٹرز نے جمعہ کو ارشد ملک کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اہل خانہ کو آگاہ کر دیا۔
سابق جج ارشد ملک نے سوگواران میں بیوہ اور چار بچے چھوڑے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے باعث اب تک 8260 افراد جاں بحق جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
جج ارشد ملک نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کو 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں7سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کر دیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد 6 جولائی 2019 کو مریم نواز ایک مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ سامنے لائیں جس کے مطابق جج ارشد ملک نے دبا ئومیں آکر یہ سزا سنائی تاہم جج ارشد ملک نے اس کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو کو جعلی قرار دیا تھا۔
اس بنیاد پر مریم نواز نے یہ مطالبہ بھی کیا تھاکہ چونکہ جج نے ویڈیو میں خود اعتراف کر لیا ہے لہذا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے معاملے کا نوٹس لیا تھا اور ارشد ملک کو احتساب عدالت کے جج کے عہدے سے ہٹاکر او ایس ڈی بنایا گیا تھا جب کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے پر تفصیلی فیصلہ بھی جاری کیا تھا۔
اس معاملے پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے 7 رکنی انتظامی کمیٹی بنائی تھی جس نے انکوائری رپورٹ میں مس کنڈکٹ ثابت ہونے پر ارشد ملک کو ملازمت سے برطرف کر دیا تھا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی وفات پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا۔
مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ سابق جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے لیکن اللہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کرگئے۔
مریم کا مزید کہنا تھا کہ سابق جج بتا گئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لیے بلیک میل اور استعمال کیا۔
انہوں نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ارشد ملک کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔
مریم کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار و طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں، مجھے ایسے لوگوں کے انجام سے ڈر لگتا ہے کیونکہ اللہ ظالم کے ساتھ نہیں۔

دوسری جانب

نیب کے سابق جج ارشد ملک کے بھائی امجد ملک ایڈوکیٹ نے ارشد ملک جج کی کرونا کے باعث فوت ہونے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے اپنا بیان جاری کیا ہے کہ انکی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے کرونا ٹیسٹ انکا نیگیٹو ایا تھا حکومت کی جانب سے جاری کرونا ایس او پی پر عمل درامد کرتے ہوئے انکی نماز جنازہ انکے ابائی علاقہ مندرہ ارجن میں ہفتہ کو دن دو بجے ادا کی جائے گی . . ایڈوکیٹ امجد ملک0300 5274729