والد اور رشتہ داروں نے مقدمہ بازی کی رنجش پر اپنی ہی بیٹی کو قتل کیا، پولیس ذرائع
ساہیوال:ساہیوال میں 8 سالہ بچی کے قتل میں والد اور چچا سمیت دیگر رشتہ دار ملوث نکلے،والد اور رشتہ داروں نے مقدمہ بازی کی رنجش پر اپنی ہی بیٹی کو قتل کیا۔ ساہیوال میں گزشتہ روز اغوا کے بعد قتل ہونے والی دوسری کلاس کی کمسن طالبہ رخسانہ کے قتل میں والد چچا اور پھوپھی سمیت پھوپھا ملوث نکلے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کمسن رخسانہ کو اس کے باپ، چچا، پھوپھی اور پھوپھا نے گھر میں قتل کرکے لاش بوری میں ڈال کر گھر کے باہر پھینکی، بچی کو چھوٹی کلہاڑی کے ساتھ رات کو گھر میں بے دردی سے قتل کیا گیا، پولیس نے گھر سے بچی کے جوتے اور آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ والد اور رشتہ داروں نے مقدمہ بازی کی رنجش پر اپنی ہی بیٹی کو قتل کیا، پولیس نے والد اور پھوپھی کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ کار تمام رشتے داروں تک بڑھا دیا ہے۔

