کتوں کے ساتھ تصویر بتاتی ہے کہ عمران خان نے مستقبل کے لئے اپنا ذہن بنا لیا ہے ،نیازی صاحب اب این آر و نہیں استعفیٰ دیں گے، پلوشہ خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے جلسے والے روز خود کو ریلیکس رکھا اور اپنے کتوں کے ساتھ انجوائے کرتے رہے ۔ انہوں نے بنی گالہ میں اپنے کتوں کے ساتھ وقت گزارا اور انہیں کھانا بھی کھلایا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے پیسا اور وقت برباد کرکے کورونا کی وبا میں عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، یہ سب انھیں بلیک میل کرنے کی کوشش ہے تاکہ وہ ان کے جرائم پر این آر او دے سکیں، لیکن وہ انھیں کبھی این آر او نہیں دیں گے۔
پی ڈی ایم کے جلسے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جلسہ کے ذریعے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، پی ڈی ایم مجھے بلیک میل کرکے لوٹی رقم بچانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی جانب سے بے تحاشہ رقم جمع کر کے کورونا کے دنوں میں لوگوں کی زندگیوں اور صحت کا خیال نہیں رکھا گیا۔عمران خان نے کہا کہ میں ایک بار پھر اعادہ کرتا ہوں، ان کو این آر او نہیں دوں گا، مستقبل میں بلیک میلنگ کا جو بھی حربہ پی ڈی ایم اپنائے این آر او نہیں دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لیے پیغام بالکل دو ٹوک اور واضح ہے لوٹ مار کرنے والے جو بھی حربہ اپنائیں میری حکومت این آر او نہیں دے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان کی اپنے کتوں کیساتھ تصویر معنی خیز ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ این آر او نہیں نیازی صاحب استعفا دیںگے۔انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ تصویر بتاتی ہے کہ نیازی صاحب نے مستقبل کیلیے ذہن بنا لیا ہے۔



