2020 دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی اہم شخصیات

 

2020 جہاں عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے بری خبریں لایا وہیں عالم اسلام کے لئے اس سال اہم شخصیات کی جانب سے اسلام قبول کرنے کی اچھی خبریں بھی سامنے آئیں۔
وہ اہم شخصیات کون سی ہیں جو اس برس دائرہ اسلام میں داخل ہوئیں ۔

 

کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل

سال کے آغاز میں ہی ایک طویل وقت پاکستان میں گزارنے والی کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔
کینیڈین ٹریول بلاگر روزی نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا اور بتایا کہ 2019 ان کی زندگی کے مشکل ترین برسوں میں سے ایک تھا لیکن زندگی کے تمام چیلنجز نے انہیں آج اس نقطے پر پہنچا دیا ہے۔کینیڈین بلاگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی سے مسلم ممالک میں سفر کے دوران انہوں نے دیکھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔

معروف یوٹیوبر جے پلفری

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف یوٹیوبر جے جورج ولیم پلفری نے رواں برس ستمبر میں دورہ ترکی کے دوران دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔
نو مسلم یوٹیوبر نے اپنے یوٹیوب چینل پر میں مسلمان ہوگیا کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی ۔یوٹیوبر جے پلفری نے اپنے یوٹیوب چینل پر 7 منٹ اور 25 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو شیئر کی جس میں میں جارج ولیم کو استنبول کی سلیمانیہ مسجد میں کلمہ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

نومسلم کورین یوٹیوبر اور سابقہ پاپ گلوکار کم داد کی اہلیہ میا

عیسائی مذہب سے کنارہ کشی کرکے جنوبی کوریا کے سابق گلوکار اور یوٹیوبر کی اہلیہ میا بھی رواں برس اسلام قبول کرکے مسلمان ہوگئیں۔رواں برس ماہ نومبر میں کم داد نے my wife became a muslim کے عنوان سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اہلیہ کے مسلمان ہونے کا اعلان کیا۔ویڈیو داد کم کو اپنی اہلیہ میا کو کلم شہادت پڑھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں سابق گلوکار اپنی اہلیہ کو دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد زندگی سے متعلق تعلیم دیتے نظر آرہے ہیں۔

نیدر لینڈ کی باکسنگ چیمپئن روبی جیسیا میسیو


رواں برس نومبر میں ہی دی لیڈی ٹائیسن اور کک باکسر کے نام سے جانی جانے والی نیدر لینڈ کی باکسنگ چیمپئن روبی جیسیا نے مسجد میں گواہوں کی موجودگی میں باضابطہ طور پر اسلام قبول کیا۔عیسائی مذہب چھوڑ کر دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی کک باکسر روبی جیسیا نے اپنے مسلمان ہونے کا اعلان اپنے آفیشل انسٹاگرام اکانٹ سے کیا۔

سوئیڈش باکسر بڈو جیک


رواں برس ماہ اگست میں سوئیڈن کے پروفیشنل باکسر بڈو جیک نے سابق عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن مائیک ٹائسن اور عامر عبداللہ کے ساتھ نماز پڑھتے ہوئے تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی۔پوسٹ میں انہیں مائیک ٹائسن کی رہائشگاہ پر عبادت کر تے دکھایا گیا ہے۔

 

بشکریہ :جیو نیوز