اسلام آباد کے نواحی علاقوں اور سوسائٹیز میں بجلی گیس کنکشنز پر پابندی ختم نہ کی گئی تو بنی گالہ میںعمران خان کے گھر کا گھیرائو کریں گے،

اسلام آباد :بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک کے چیئرمین جاوید انتظار کی زیر قیادت چٹھہ بختاور پارک روڈ پر احتجاجی مارچ کیا گیا۔ احتجاج کے شرکا نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت سے بجلی گیس بحالی کے مطالبات درج تھے۔ احتجاجی مارچ میں اسلام آباد کے دیہی اور نواحی علاقوں اور سو سائٹیز سے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جاوید انتظار نے کہا کہ بجلی گیس پر پابندی غیر آئینی ہے ہم حکومت سے اپنے آئینی حق کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان بجلی گیس کنکشنز پر پابندی ختم کریں۔ پابندی ختم نہ کی گئی تو متاثرین بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کا گھیرا کریں گے۔ مظاہرین سے تحر یک نوجوانان اسلام آباد کے چیئرمین راجہ خرم شریف،پختون ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک ریاض بنگش،احمد فاروق، مفتی سعیدالرحمان،اعجاز ہاشمی، ملک زاہد محمود و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی گیس کنکشنز سے پابندی نہ اٹھا کر ظلم کر رہی ہے۔ حکومت نے ظلم بند نہ کیا تو ہم سڑکیں بلاک کریں گے۔ مظاہرین نے بجلی گیس بحال کرو کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے حکوت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ جاوید انتظار نے حکومتی ارباب اختیارات سے ملاقات کرنے لیے مذکراتی کمیٹی کا اعلان بھی کیا۔مذاکراتی کمیٹی میں راجہ خرم شریف،ملک ریاض بنگش،ملک زاہدمحمود،اعجاز ہاشمی کو شامل کیا گیا۔G-13/4 سے ملک زاہد محمود کو بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک کا سینیئر نائب صدر نامزد کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگ اپنے آئینی حق کے لیے متحرک ہو چکے ہیں۔17 جنوری کو G-13/4 اور 24 جنوری کو بہارہ کہو میں احتجاجی اجلاس اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔




