نادرا کسی کو بھی شہریت سے محروم کرنے کا اختیار نہیں رکھتا،اسلام آباد ہائیکورٹ

عدالت عالیہ کاجے یو آئی ف کے سینٹر حافظ حمد اللہ کے شناختی کارڈ کی بحالی سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے حافظ حمد اللہ کے شناختی کارڈ کی بحالی سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیاہے۔ تفصیلی فیصلے کے مطابق حافظ حمد اللہ کے ساتھ 10مزید شہریوں کا شناختی کارڈ بھی بحال کیا گیا ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 29 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ نادرا کسی کو بھی شہریت سے محروم کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، نادرا کا کام صرف رجسٹریشن کرنا اور ڈیٹا بیس برقرار رکھنا ہے۔تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ نادرا خود سے نہ شناختی کارڈ بلاک کرسکتا ہے، نہ معطل، نہ منسوخ، شہریت کا معاملہ سٹیزن شپ ایکٹ کے تحت متعلقہ اتھارٹی ہی دیکھ سکتی ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شناختی کارڈ معطل یا بلاک کرنے کے لیے جوڈیشل آرڈر ضروری ہے۔