
اسلام آباد (نیوزرپورٹر)چئیرپرسن خان آف منگ ویلفیئر ٹرسٹ ومرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی خواتین ونگ خولہ خان نے پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی جوائنٹ سیکرٹری خواتین ونگ نیلوفر بختیار سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں خواتین رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں سنگین بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی، دونوں خواتین رہنماؤں نے بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر لائن کی مسلسل خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیلوفر بختیار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید تشویش ہے، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر سے بھارتی مظالم رکوانے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل عصر حاضر کا تقاضا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف متحد ومنظم ہے خولہ خان نے پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کے لئے بہت اچھا کام کیا جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتی ہوں۔آزاد کشمیر کے عوام آمدہ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کو کامیاب کروائیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خولہ خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے،کشمیری 5 اگست 2019 کے بعد سے ہندوستانی فوجی محاصرے میں ہیںہندوستان نے مقبوضہ وادی کو عملی طور پر جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور انہیں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ خولہ خان نے کہا کہ قائد پاکستان وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے جس طرح سفیر کشمیر بن کر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی انھوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے اندر آمدہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی انصاف کا بول بالا ہو گا غریبوں کو ان کا حق ان کی دہلیز پر ملے گا پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ گلی گلی، کوچے کوچے، نگر نگر میں قائد پاکستان وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پیغام پہنچا رہی ہیں ان شاء اللہ جیت بلے کی ہوگی اور صاف وشفاف حکومت تحریک انصاف کی بنے گی۔


