چئیرمین کشمیر کمیٹی کا فیڈریشن آف رئیلٹرپاکستان کے فائونڈر چیئرمین مسرت اعجاز خان کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں رئیل سٹیٹ اور کنسٹرکشن کی اہمیت سے واقف ہے اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان جلد رئیل سٹیٹ کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے ایک پالیسی کا اعلان کریں گے ۔وہ پارلیمنٹ میں فیڈریشن آف رئیلٹرپاکستان کے فائونڈر چیئرمین مسرت اعجاز خان کی سربراہی میں ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہے تھے ۔وفد میں فیڈریشن آف رئیلٹر پاکستان کے چیئرمین کے علاوہ گل نجیب عباسی ، عامر شاہ ، میاں شاہد ، کاشف شاہ بھی شامل تھے ۔فیڈریشن کے چیئرمین مسرت اعجاز خان نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ عمران خان جس انداز سے رئیل سٹیٹ اور کنسٹرکشن انڈسٹری کو لے کر چل رہے ہیں اس سے نہ صرف پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر ممکن ہو سکے گی بلکہ ایک کروڑ ملازمتیں بھی بے روزگاری کے خاتمے کرنے کے لئے حاصل ہوں گی ۔شہریارآفریدی نے وفدکو یقین دلایا کہ حکومت رئیل سٹیٹ اورکنسٹرکشن انڈسٹری کے مسائل سے نہ صرف آگاہ ہے بلکہ ان کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور جلد ہی اس ضمن میں پیشرفت ہو گی۔



