
اسلام آباد(وقائع نگار)وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس نے جی 14 ، ٹو اور تھری میں 54 الاٹیوں کو مکانات کی تعمیر کے لئے قبضہ کے لیٹر جاری کر دیئے۔ وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جی 14 میں بلڈنگ پلانز کی منظوری کے لئے تقریبا 8 الاٹیوں نے این او سی کے حصول کیلئے درخواست دی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 8 میں سے صرف 4 الاٹیوں نے جی 14 تھری میں اپنے پلاٹوں پر گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ مارچ 1995میں اس وقت کی وفاقی کابینہ نے اپنے اجلاس میں وفاقی حکومت کے ملازمین کے لئے نئی سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر پر پابندی عائد کر دی تھی اور انہیں تنخواہوں کے ساتھ رینٹل سیلنگ کی ادائیگی کی اجازت دی تھی۔ تاہم کابینہ کا فیصلہ جزوی طور پر اس حد تک لاگو کیا گیا تھا کہ فیصلہ کے بعد کوئی بھی سرکاری رہائش گاہ تعمیر نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے بتایا کہ قومی خزانہ پر اضافی بوجھ کے باعث وفاقی حکومت کے ملازمین کو تنخواہوں کے ساتھ رینٹل سیلنگ ادا نہیں کی جا سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ملازمین کو رینٹل سیلنگ ادا کرنے کے لئے وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس میں کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا آغاز کیا تاکہ پاکستانی عوام کے لئے رہائشی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے کیونکہ ملک میں ایک کروڑ سے زائد مکانات کی کمی کا سامنا ہے۔
جی 14 ، ٹو اور تھری میں 54 الاٹیوں کو مکانات کی تعمیر کے لئے قبضہ کے لیٹر جاری کر دیئے گئے



