وائرل بیماریوں کی تشخیص سے متعلق کامسٹیک کی بین الاقوامی ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے مقررین کا خطاب
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) کرونا کوئی آخری وائرس نہیں ہے، لہذا ہمیں مستقل آگاہ رہنا ہوگا اور نگرانی کا اچھا نظام رکھنا ہوگا اور پوری دنیا کے لوگوں سے معلومات کا تبادلہ کرنا ہوگا۔ اس وقت یہ سب سے اہم ہے کہ ہم سب کو اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنا ہے نہ صرف ویکسین بنا کر بلکہ بیمار لوگوں کے لئے علاج معالجے کی سہولت فراہم کرکیبھی۔ یہ بات پروفیسر افٹنر نے وائرل بیماریوں کی تشخیص سے متعلق کامسٹیک کی بین الاقوامی ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پروفیسر ڈاکٹر تھامس افٹنر جرمنی کی ٹیو بینگٹن یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ برائے میڈیکل وائرولوجی اینڈ ایپیڈیمولوجی آف وائرل ڈیزیزز سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے لیکچر میں ویکسینوں کی تاریخ، بنانے کے عمل، اور ان سے دنیا کو ہونے والے فوائد کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے موجودہ ویکسینز جو تیار ہو چکی ہیں اور جو تیاری کے عمل میں ہیں ان کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔اپنے اختتامی کلمات میں پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چودھری، کوآرڈینیٹر جنرل کومسٹیک نے کہا کہ استعداد سازی کے لئے اس طرح کی بین الاقوامی ورکشاپز کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ جب معیشتیں، نظام اور یہاں تک کہ ممالک کووڈ وبائی مرض سے نمٹنے میں ناکام رہے تو اس وقت سائنس ہی تھی جس نے کام کیا اور انسانیت کو درپیش اس مسئلے کا حل فراہم کیا۔ ڈاکٹر چودھری نے زور دے کر کہا کہ وائرل بیماریوں سے متعلق تحقیق انتہائی ضروری ہے اور اب علم کو چھپانا ناممکن ہے کیونکہ وائرل بیماریاں سرحدیں نہیں پہچانتی اوراب یہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹیک اور آئی سی سی بی ایس وائرس ماہرین کو دنیا بھر کی لیباریٹریوں میں کام کرنے کیلئے سفر کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ پوری دنیا کے اداروں کو تحقیق کے لئے جوڑنا ہماری ذمہ داری ہے۔”وائرل بیماریوں کی تشخیص میں بنیادی تکنیک” کے موضوع پر کامسٹیک انٹرنیشنل ورکشاپ 27 جنوری، 2021 کو اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ او آئی سی ممبر ممالک سے 300 سے زائد وائرولوجسٹ، سائنس دانوں اور طلبا نے اس ورکشاپ میں حصہ لیا۔ جرمنی، چین، سویڈن اور پاکستان کے تیرہ قومی اور بین الاقوامی ماہرین نے اس تقریب کے دوران وائرل بیماریوں کے مختلف پہلوں پر لیکچرز دیئے۔ تمام لیکچرز کامسٹیک کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہیں۔


