کوئٹہ:سی پیک شاہراہ سے پاک ایران سرحدی دیہاتوں کو لنک کرنے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاک ایران بارڈر سے منسلک سرحدی دیہاتی علاقے مند،ایسی کہن اور بلیدہ کو گوادر کوئٹہ سی پیک شاہراہ سے منسلک کرنے کے لیے مکران ڈویژن سے منتخب وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور بلیدی کی کوششوں سے حکومت نے فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کے لیے سروے کی منظوری دے دی ہے پہلے مرحلے میں بالگترسے بلیدہ 86 کلومیٹر شاہراہ کو لنک کرنے کے لئے لیے ایکسین سی اینڈ ڈبلیو تربت روڈ کی جانب سے کنسلٹینسی کے لیے ٹینڈر اخبارات کو جاری کردیئے گئے ہیں۔ تعمیراتی فرمز سے 15 مارچ تک درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔واضح رہے کہ مکران ڈویژن کی تحصیل بلیدہ اور تحصیل تمپ زرعی علاقے ہیں اور گزشتہ دس سالوں کے دوران یہ علاقے انسرجنسی سے متاثر بھی ہوئے ہیں علاقے کے مقامی لوگوں اور سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کی بدولت علاقے میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے۔ گزشتہ ادوار میں میر ظہور بلیدی اور محترمہ زبیدہ جلال کی کوششوں سے ان علاقوں میں بجلی فراہمی کے منصوبوں پر کام کیا گیا جس سے زرعی شعبے کو بھی فروغ حاصل ہو،ا علاقے کے لوگوں کا پچاس فیصد ذریعہ معاش زراعت اور مالداری سے وابستہ ہے۔ ۔


