
اسلام آباد: سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر سابق وزیراعظم پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے 169ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کئے جبکہ سات ووٹ مسترد ہوئے جبکہ اس کے مقابلے میں تحریک انصاف کی خواتین کی نشست پر امیدوار فوزیہ ارشد174 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ مسلم لیگ(ن)کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ حاصل کیے اور 5 ووٹ مسترد ہوئے۔ دوبارہ گنتی پر بھی نتیجہ یوسف رضا گیلانی کے حق میں آیا۔جس کے بعد ریٹرننگ افسر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کی کامیاب قرار دیا۔یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد شاہراہ دستور پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکن بھنگڑے ڈالتے رہے۔ نتائج کا اعلان ہونے کے بعد یوسف رضا گیلانی نے گرم جوشی کے ساتھ اپنے حریف عبدالحفیظ شیخ سے ہاتھ ملایا حفیظ شیخ نے نہ صرف ہاتھ ملایا بلکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کوتھپکی دی اور دونوں ساتھ ہی بات چیت کرتے ہوئے ایوان سے باہر گئے۔زین قریشی کی جانب سے دو بار گنتی کرائی گئی ۔ مسلم لیگ ن کے عطاء تارڑ جو پولنگ ایجنٹ تھے وہ بار بار خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مکے لہراتے رہے ۔قبل ازیں قومی اسمبلی کے 340 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ ایک امیدوار مولانا عبدالاکبر چترالی ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئے کیونکہ جماعت اسلامی نے سینٹ کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا۔ این اے 75 ڈسکہ کی نشست خالی ہے جہاں الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ اٹھارہ مارچ کو ہوگی۔قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ حکومتی جماعت پی ٹی آئی کے میاں شفیق آرائیں نے کاسٹ کیا جبکہ دوسرا ووٹ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ڈالا۔ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ورکروں نے شاہراہ دستور پر بھنگڑے ڈالے اور کامیابی کی خوشی میں نعرے لگائے ۔


