ترک حکومت کانوجوانوں کی تعداد میں مسلسل کمی پراظہار تشویش


افرادی قوت میں اضافہ کے لئے ترک صدر نوجوانواں کو جلد شادی کی نصیحت بھی کر چکے ہیں

انقرہ: ترک حکومت نوجوانوں کی تعداد میں مسلسل کمی پر تشویش میں مبتلا ہے جس کے نتیجے میں ترک صدر رجب طیب اردگان نوجوانوں کو جلد شادی کرنے کی نصیحت کر چکے ہیں۔ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق مقامی ادارہ شماریات نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ 2014 میں 17 سال تک کی عمر کے نوجوانوں کی تعداد جو مجموعی آبادی کا 29.4 فیصد تھی پانچ سال یعنی 2019 میں کم ہو کر 27.5 فیصد رہ گئی اور اس وقت ترکی میں 17 سال کے نوجوانوں کی تعداد 2 کروڑ 28 لاکھ ہے۔ترک ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ اگر نوجوانوں میں جلد شادی کرنے کا رجحان نہیں بڑھا تو آنے والے برسوں میں ملک کی آبادی میں نوجوان نسل کا تناسب 19 فیصد رہ جائے گا کیونکہ نوجوانوں کی آبادی غیر معمولی طور پر کم ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ اس وقت ترکی میں شرح پیدائش 1.88 فیصد ہے جو اس سے پہلے 2.1 فیصد تھی۔