لاہور کا قدیم اور تاریخی والٹن ائیرپورٹ اور فلائنگ کلب بند کردیا گیا


لاہور:
لاہور کا 103 سالہ قدیم اور تاریخی والٹن ائیرپورٹ اور فلائنگ کلب بند کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے والٹن ائیرپورٹ بند کرنے کی منظوری دے دی جس کے بعد لاہور کا قدیم اور تاریخی والٹن ائیرپورٹ اور فلائنگ کلب بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
والٹن ائیرپورٹ کا شمار ایشیا کے قدیم ترین ائیرپورٹس میں ہوتا ہے، جنگ عظیم دوئم میں والٹن ائیرپورٹ ائیربیس کے طورپر بھی استعمال ہواتھا۔1962 تک والٹن ائیرپورٹ لاہور کا پہلا سویلین ائیرپورٹ تھا جب کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح بھی والٹن ائیرپورٹ استعمال کیا کرتے تھے۔

لاہور کا یہ پرانا تاریخی والٹن ائیر پورٹ ختم کر کے بزنس حب بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔گلبرگ، ماڈل ٹان اور فیروز پور روڈ کا سنگم، لاہور کا والٹن ائیرپورٹ جس کا رقبہ 1200 کنال سے زائد ہے اور یہاں سیکڑوں چھوٹے بڑے درختوں کا ایک چھوٹا سا مصنوعی جنگل آباد ہے۔
والٹن ائیرپورٹ کی جگہ بزنس حب بنانے کے لیے اعلی سطح کی کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے اور ارد گرد 10 ایکڑ اراضی پر واقع 7 نرسریاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ 7 نرسیوں میں پھل دار پودوں، دلکش اور حسین پھولوں کی خرید و فروخت ہوتی تھی، درجنوں افراد کا روزگار اس سے وابستہ تھا لیکن اب یہ نرسریاں ختم کر دی گئی ہیں۔
حکومت نے یہاں کسی درخت کو نہیں کاٹا بلکہ جدید مشینری کی مدد سے ان درختوں کو نکال کر دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر کے مطابق والٹن تاریخی ائیرپورٹ ہے، غیر ملکیوں سمیت ملک کے ہزاروں پائلٹ یہاں سے تربیت حاصل کر چکے ہیں، یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
بزنس حب منصوبے کی وجہ سے والٹن ائیرپورٹ ختم ہونے سے تربیت حاصل کرنے والے 200 پائلٹس کی تربیت میں تعطل کا خدشہ ہے۔خیال رہے کہ والٹن ائیرپورٹ 1918 میں برطانوی حکومت نے بنایا تھا اور یہ ائیرپورٹ دوسری جنگ عظیم میں برطانوی فوج کا بیس کیمپ بھی رہا۔