
لاہور:اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی غیر حاضری کے باعث سابق وزیرداخلہ چودھری نثار پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہیں اٹھاسکے۔اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ دن متعین تھا، بتایا گیا اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کی غیرموجودگی میں حلف برداری ممکن نہیں، معاملے پر کل یا پرسوں عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔میں کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہوں۔
چودھری نثارنے کہا کہ اپنے موقف پر قائم ہوں، حلف اٹھانے کا فیصلہ حکومت کے خودساختہ آرڈیننس لانے کی کوشش پر کیا کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہوں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ شہبازشریف سے ملاقات کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں، ایک سوال پر بولے سیاسی معاملات پر تبصرہ نہیں کروں گا، عمران خان کو مشورہ ہے کہ ٹھںڈا کرکے کھائیں۔
یاد رہے کہ وہ پیر کی صبح خصوصی طور پر اڑھائی سال بعد بحثیت رکن پنجاب اسمبلی حلف اٹھانے کے لئے راولپنڈی سے لاہور کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ لیکن وہ حلف نہ اٹھا سکے۔
سابق وزیرداخلہ چوہدری نثا ر کے حلف سے متعلق سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ اسٹے کے دوران ہم چوہدری نثار سے حلف لے کر توہین عدالت کے مرتکب ہوں۔اپنے وضاحتی بیان میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی نے کہا کہ چوہدری نثار کا حلف لینے سے انکار نہیں کیا ہے۔ اس معاملے میں 3 درخواستیں راولپنڈی بنچ اور 2 درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں دائر ہیں۔ چوہدری نثار سے حلف سے متعلق 2 دن کا وقت مانگا ہے تاکہ چیک کرسکیں کہ کسی عدالت میں اسٹے تو نہیں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ اسٹے کے دوران ہم چوہدری نثار سے حلف لے کر توہین عدالت کے مرتکب ہوں۔ قانونی رائے لے کرہی چوہدری نثار کا حلف لیں گے۔


