سیکٹر G 14 کے متاثرین کا ہائوسنگ اتھارٹی کے ظالمانہ اقدامات کے لئے خلاف شدید احتجاج


جعلی بی یو پی ایوارڈ کرنے پر وزیراعظم سے ڈی جی وسیم باجوہ اور اور ڈاکٹر ستائیش کو برطرف کرنے کا مطالبہ


تحریک انصاف کے رہنماء عامر مغل و دیگر کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے ،مسائل حل نہ ہوئے تو ہائوسنگ فائوندیشن کا گھیرائو کریں گے


اسلام آباد(وقائع نگار) سیکٹر جی 14 چھیلو ، پنڈ پراچہ، ڈھوک کھوکھراں ڈھوک قریشیاں ، جھنگی سیداں اور ٹھلہ سیداں کے رہائیشیوں نے متاثرین دشمن اقدامات کے خلاف جمعہ کو احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ کیا ۔ سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے ہاوسنگ کے خلاف بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔ اور ہائوسنگ اتھارٹی کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف شدید نعرے بازی کی ظاہرین نے کشمیر ہائی وے کچھ دیر کے لئے بند کر دی اور ہاوسنگ افسران کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ مظاہرین نے وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اسد عمر سے G_14 میں ہاوسنگ افسران کی طرف سے مبینہ طور پر جعلی BUP ایوارڈ کرنے پرڈی جی وسیم باجوہ اور اور ڈی سی ہاوسنگ ڈاکٹر ستائیش کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ متاثرین کیلئے ابھی متبادل پلاٹ دینے کیلئے سیکٹر G_15/3 کو ڈیویلپ ہی نہیں کیا گیا اور ہاوسنگ افسران انویسٹرز کی ملی بھگت سے مالکان کو ان کے آبائی گھروں سے بیدخل کرنا چاہتے ہیں۔ اس ملی بھگت کے تحت 11 فروری کو بغیر پیمائش کے ایک جعلی ایوارڈ کیا گیا ہے تا کہ لوگوں کو ان کے آبائی مکانات سے بیدخل کیا جا سکے۔ لیکن مالکان اسلام آباد اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پہلے متبادل سیکٹر کو ڈیویلپ کیا جائے، 2021 کے مطابق کنسٹرکشن ریٹ دیا جائے، چھیلو کے متاثرین کو ہائیکورٹ کے فیصلہ کے مطابق اسی جگہ پر پلاٹ دئیے جائیں پلاٹس کا سائز 70+35 کیا جائے۔ BUP کے ایوارڈ کی تاریخ تک تمام جدی پشتی رہائیشی مالکان کو ان کے مکانات کے بدلے میں پلاٹس دئیے جائیں۔ بعد ازاں سینئیر رہنما تحریک انصاف عامر مغل، فرزند شاہ، جمشید مغل، اعظم خان چوہدری جہانگیر، قاضی تنویر، ملک امتیاز، توقیر شاہ اور ملک عثمان موقع پر پہنچ گئے ۔ اور مظاہرین سے مذکرات کر کے انہیں یقین دہانی کروائی کہ ان کے تمام جائز مطالبات وزیر اعظم اور وفاقی وزیر اسد عمر تک پہنچائے جائیں گے اور ان کو حل کروایا جائے گا ۔ سینئیرلیڈر شپ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے مظاہرہ ختم کر دیا اور اعلان کیا کہ اگر وسیم باجوہ اور ڈاکٹر ستائیش کو برطرف کر کے نئے افسران تعینات نہ کئیے گئے اور لوگوں کے تمام مطالبات نہ مانے گئے تو آئندہ ہائوسنگ اتھارٹی کے مرکزی دفتر کا گھیراو کیا جائے گا۔