
دونوں اپنے اکلوتے بیٹے آزاد خان کی مشترکہ طور پر پرورش کریں گے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)بھارتی ادارہ اوربولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ 56 سالہ عامر خان اور ان کی اہلیہ فلم ساز 47 سالہ کرن راو کے درمیان پندرہ سال طلاق ہوگئی۔دونوں نے 2005 میں شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں 2011 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔کرن راو اور عامر خان کی جوڑی کا شمار نہ صرف بولی وڈ کی رومانوی جوڑیوں میں ہوتا تھا بلکہ دونوں کو بھارت کی بھی رومانوی جوڑیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ عامر خان اور کرن راو کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں شادی ختم ہوجانے کی تصدیق کی گئی۔رپورٹ کے مطابق دونوں نے طلاق کا سبب نہیں بتایا لیکن تصدیق کی کہ ان کے درمیان طلاق ہوگئی ہے اور دونوں واحد بیٹے آزاد خان کی مشترکہ پرورش کریں گے۔بھارتی اخبار کے مطابق دونوں کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے 20 سالہ ساتھ کو خوبصورت رشتے کا نام دیا اور بتایا کہ اب دونوں میاں اور بیوی کے طور پر ساتھ نہیں رہیں گے بلکہ وہ ایک بیٹے کی پرورش کے مشترکہ والدین کے طور پر ساتھ رہیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں نے 20 سال تک ایک دوسرے کی عزت کی اور 15 سال تک ان کا رشتہ میاں اور بیوی کے طور پر رہا مگر اب دونوں کے نئے رشتے اور تعلق کا آغاز ہوگا۔بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ دونوں نے طلاق سے متعلق کچھ عرصہ قبل ہی سوچنا شروع کیا تھا لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کیوں دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے سے متعلق سوچنا شروع کیا تھا؟دونوں کی طلاق کی خبر سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر ان کی طلاق ٹاپ ٹرینڈ بن گئی اور دونوں کے مداحوں نے حیرانی کا اظہار بھی کیا۔کرن راو سے قبل عامر خان نے کیریئر کے آغاز میں 1986 میں ہی اداکارہ رینا دتا سے شادی کی تھی مگر ان کی پہلی شادی بھی 16 سال بعد 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔عامر خان کو پہلی شادی سے دو بچے ہیں، جن میں بیٹی ارا خان اور بیٹا جنید خان ہے جو جلد ہی فلموں میں دکھائی دیں گے۔عامر خان کی پہلی شادی ختم ہونے کے بعد ہی ان کے تعلقات کرن راو سے استوار ہوگئے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2005 میں شادی کی۔



