
اسلام آباد:بیرسٹر سلطان اور سردار تنویر الیاس کی تیاریاں دھری رہ گئیں،اظہر صادق اور خواجہ کی دال بھی نہ گل سکی آزادکشمیر کی وزارت عظمٰی کیلئے نیازی نے میدان مار لیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے امیدوار نامزد کر دیا جبکہ چودھری لطیف اکبر متحدہ اپوزیشن کے امیدوار ہوں گے۔
سردارعبدالقیوم نیازی ایل اے 18 عباس پور سے منتخب ہوئے، ان کا تعلق ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور سے ہے۔ عبدالقیوم نیازی اس سے پہلے وزیر خوراک رہ چکے ہیں۔ وہ 2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہوئے۔ عبدالقیوم نیازی 2 سال پہلے مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ طویل مشاورت کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے، قیوم نیازی ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں، جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
یاد رہے کہ 53 ارکان پر مشتمل ایوان میں حکومت سازی کے لیے27 ووٹ درکار ہیں، تین مزید نشستوں پر کامیابی کی بعد پی ٹی آئی 32 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت سازی کرنے جارہی ہے۔
53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32، پیپلز پارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں جب کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔

