اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹرجی تھرٹین کے رہائشیوں نے عوامی مسائل کے حل اور مکینوں کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوششوں کو مربوط بنانے کے لئے جی تھرٹین یونائٹیڈ کے نام سے تنظیم قائم کردی۔ اس مقصد کے لئے سیکٹرجی تھرٹین کے معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اورنگزیب علی خان، سرور منیر رائو، ملک ممتاز حسین، جاوید حفیظ اور دیگر نمائندہ شخصیات شریک ہوئیں۔ اجلاس کی میزبانی سیکٹر کی نامور رہائشی فریدہ امجد نے کی۔ اجلاس کے شرکانے فیصلہ کیا کہ سیکٹرجی تھرٹین کے مسائل کے حل کے لئے ایک ہی پلیٹ فارم سے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے داخلی دروازے پر اس اہم سیکٹر کو حکام نے نظرانداز کررکھا ہے، سیکٹرجی تھرٹین میں پانی کا شدید بحران ہے جبکہ سیکورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ فیڈرل گورنمنٹ ہاوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے )کے زیر انتظام اسلام آباد کے سیکٹرجی تھرٹین اور فورٹین میں گزشتہ چند ماہ سے پینے کے پانی کا سخت بحران ہے اور سخت گرمی کے موسم نے اس صورتحال کو اور زیادہ سنگین بنادیا ہے۔مکینوں کو ہفتہ میں صرف ایک بار پانی فراہم کیا جارہا ہے جو ان کی ضروریات کے لئے ناکافی ہے اور وہ مہنگے داموں پانی کے ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے ) کے برعکس فیڈرل گورنمنٹ ہاوسنگ اتھارٹی کے پاس دونوں سیکٹروں کو چلانے اور لوگوں کی سہولت کے لئے بینادی ڈھانچے کی عدم موجودگی اور تربیت یافتہ عملہ کی کمی ہے اور وہ پانی کی کمی کی صورتحال سے نمنٹے میں ناکامی کا شکار ہے۔ علاقہ مکینوں نے حکام سے لوگوں کو درپیش پانی کی فراہمی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے صورتحال کا فوری نو ٹس لینے کا مطالبہ کیا۔


