گلگت بلتستان میں کھیل وہ سیاحت کو ترقی دے کر خطے کو خوشحال بنائیں گے

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون اور وزیر سیاحت و کھیل ثقافت، یوتھ آفیئرز راجہ ناصر علی خان سے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نثاراحمد خان اور نائب صدر یوتھ ریجن اسلام آباد عمار اسلم چوھدری نے تفصیلی ملاقات کی ۔گلگت بلتستان ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی پر اطمیان کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کو مزید مضبوط کیا جائے گا ۔جس طرح حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان میںکامیابی حاصل کی ہے وہ عوام کا عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ۔ وزیر سیاحت نے کہا کہ گلگت بلتستان کو سیاحت کے حوالے سے ایک مثالی جگہ بنائیں گے یہاں سیاحت کے حوالے سے بڑا پوٹینشل موجود ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں وہ ترقی نہ ہوسکی جس کا وہ مستحق تھا۔ وزیر کھیل و سیاحت نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان میں کھیلوں کے حوالے سے بھی بڑا ٹیلنٹ موجود ہے اسے بھی اجاگر کریں گے اور گلگت بلتستان کے کھلاڑی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔


