
کراچی:سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما 55 سالہ حلیم عادل شیخ اور ان ہی کی پارٹی کی رکن دعا بھٹو کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔حلیم عادل شیخ پی ایس 99 کراچی ایسٹ جب کہ دعا بھٹو خواتین کی مخصوص نشست سے رکن سندھ اسمبلی ہیں، دونوں کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔
دونوں نے 2018 کے عام انتخابات کے فوری بعد شادی کی تھی، جسے تین سال تک خفیہ رکھا گیا، تاہم اب جوڑے کے ہاں بچے کی ولادت ہونے پر شادی کو سامنے لایا گیا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے اور دعا بھٹو کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے اور دونوں نے بیٹے کا نام کامل حلیم رکھا ہے۔دعا بھٹو نے بیٹے کے ہمراہ واٹس ایپ اسٹیٹ پر تصاویر شیئر کیں۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات کے فوری بعد جولائی میں ہی شادی کی تھی، تاہم دونوں نے مشترکہ رضامندی سے اسے خفیہ رکھا تھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شادی کرنا اور بچے کی پیدائش جیسا معاملہ چھپانے کا نہیں ہوتا، اس لیے اب وہ تسلیم کر رہے ہیں کہ انہوں نے تین سال قبل شادی کی تھی۔
حلیم عادل شیخ نے اس وقت شادی کو تسلیم کیا جب کہ رکن اسمبلی دعا بھٹو نے نوزائیدہ بیٹے کے ہمراہ تصاویر کو واٹس ایپ پر شیئر کیا اور بتایا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رکن اسمبلی کے ہاں دو ہفتے قبل بچے کی پیدائش ہوئی تھی
دعا بھٹو نے واٹس ایپ اسٹیٹس پر بیٹے کے ساتھ تصاویر شیئر کیے جانے کے ساتھ ہی حلیم عادل شیخ سے شادی کی تصدیق بھی کی، ذرائع کے مطابق ان کے ہاں دو ہفتے قبل بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
دونوں ارکان اسمبلی کے ہاں بچے کی پیدائش پر سیاست دانوں اور شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی، تاہم شادی کو کافی وقت تک چھپائے رکھنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اگرچہ دعا بھٹو کی پہلی شادی ہے مگر حلیم عادل شیخ پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں اور انہیں پہلے ہی 7 بچے بھی ہیں۔
سندھ اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق حلیم عادل شیخ 7 بچوں کے والد اور 55 سال کے ہیں جب کہ دعا بھٹو کی عمر ویب سائٹ پر موجود نہیں اور انہیں تاحال غیر شادی شدہ بتایا گیا ہے۔
دعا بھٹو شوہر حلیم عادل شیخ سے بہت زیادہ کم عمر ہیں اور دونوں کو انتخابات کے بعد انتہائی قریب دیکھا گیا۔
دعا بھٹو سیاست میں آنے سے قبل شوبز اور میڈیا انڈسٹری سے وابستہ تھیں، انہوں نے سندھی نیوز چینل میں نیوز کاسٹنگ کے علاوہ ماڈلنگ اور اداکاری بھی کی۔دعا بھٹو کا مکمل نام طاہرہ دعا بھٹو ہے اور ان کی پیدائش لاڑکانہ کی ہے۔


